پلوامہ (جموں و کشمیر):سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) 180 بٹالین کی جانب سے جمعرات کو جنوبی کشمیر کے ترال علاقے میں ایک میڈیکل کیمپ کا اہتمام کیا گیا۔ ترال کے حاجن علاقے میں منعقدہ میڈیکل کیمپ میں حاجن سمیت ملحقہ دیہات کے درجنوں رہائشیوں نے شرکت کی۔ طبی کیمپ میں آئے لوگوں کا ماہر ڈاکٹروں نے علاج و معالجہ کیا جبکہ ان میں ادویات بھی مفت تقسیم کی گئی، جس پر مقامی باشندوں نے سی آر پی ایف کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ ’’کیمپ سے پسماندہ لوگوں کو کافی راحت ملی۔‘‘
مقامی باشندوں نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ حاجن علاقہ تحصیل ہیڈکوارٹر، ترال، سے کافی دور ہے اور یہاں صحت عامہ کے حوالے سے لوگوں کو کئی دقتوں کا سامنا رہتا ہے اور سی آر پی ایف کی جانب سے یہ اقدام عام لوگوں کے لیے راحت کا باعث بن چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے مزید کیمپس منعقد کیے جانے سے یہاں کے باشندوں کو کافی راحت پہنچے گی۔ اس موقع پر مقامی اسکول کے ہیڈماسٹر، نرمل سنگھ، نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اسکول میں زیر تعلیم کئی طلبہ غیر حاضر رہتے ہیں کیونکہ یہاں صحت عامہ کے حوالے سے لوگوں خاص کر بچوں کو کئی طرح کی مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا ہے، اور اس طرح کے کیمپ سے یہاں کے لوگوں خاص کر طلبہ کے لیے ایک امید کی کرن پیدا کر دیتی ہے۔ انہوں نے سی آر پی ایف کے اس اقدام کی ستائش کرتے ہوئے مستقبل میں بھی اس طرح کے کیمپوں کو منعقد کرنے کی گزارش کی ہے۔