پلوامہ (جموں کشمیر):سماجی جرائم کے خلاف کارروائی عمل میں لاتے ہوئے جموں و کشمیر پولیس نے پلوامہ میں 9 قمار بازوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے داؤ پر لگی رقم کو بھی ضبط کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس بیان کے مطابق ضلع پلوامہ کے نیوہ اور پرچھو علاقوں میں عوامی مقامات پر قماربازی سے متعلق موصول ہوئی خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پلوامہ پولیس نے دونوں مقامات پر چھاپے مار کر 9 قمار بازوں کو گرفتار کر لیا۔
پلوامہ پولیس نے پرچھو سے حراست میں لیے گئے قمار بازوں کی شناخت منظور احمد خان ولد غلام نبی خان، ہلال احمد شیخ ولد عبدالرحمن شیخ، فیاض احمد وانی ولد عبد الرزاق وانی، جاوید احمد میر ولد محمد اکرم میر، نثار احمد شیخ ولد عبد الغنی شیخ کے طور پر کی ہے۔ جبکہ نیوہ پلوامہ میں طارق احمد شیخ ولد علی محمد شیخ ساکنہ چٹاپورہ، بشیر احمد شیخ ولد غلام محمد شیخ ساکنہ چٹاپورہ، ہلال احمد زرگر ولد الرشید زرگر ساکنہ ملک پورہ اور حارث بٹ ولد محمد یوسف بٹ ساکنہ پرچھو شامل ہیں۔