پلوامہ (جموں کشمیر) :ڈپٹی کمشنر، پلوامہ، ڈاکٹر بشارت قیوم نے ٹاؤن ہال پلوامہ میں ہفتہ بھر جاری رہنے والے ’’بھرشٹاچار مکت جے اینڈ کے‘‘ مہم کی نسبت سے ہفتہ بھر جاری رہنے والے پروگرامز کا رسمی طور افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر ڈپٹی کمشنر نے مختلف محکمہ جات سے تعلق رکھنے والے ملازمین، افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ انتظامیہ کی جانب سے شفاف نظام کے لیے کیے جا رہے تمام اقدامات کو عوام تک پہنچانے کی پوری سعی کریں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس مہم کی تشہیر کے لیے رواں ہفتے ضلع بھر کے سبھی حلقوں میں انجام دی جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے اعتماد سازی کے اقدامات کو اپنانے پر زور دیا اور کہا کہ ’’عوامی رائے ایک اہم عنصر ہے اور تمام محکمہ جات اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ شکایات کا مناسب طریقے سے ازالہ کیا جائے۔‘‘ ڈی سی نے مزید کہا کہ ’’ڈیجیٹل ویک اور بھرشتاچار مکت ہفتہ ہم آہنگ ہیں اور ڈیجیٹل گورننس، کرپشن فری گورننس کی ہی ایک اور صورت ہے، اس طرح تمام خدمات کو PSGA ٹائم لائن کے اندر فراہم کیا جانا چاہئے۔‘‘