ترال:کرناٹک انتخابات میں کانگریس کی شاندار کارکردگی کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے پردیش کانگریس کے سینیئر لیڈر اور جموں و کشمیر کے جنرل سیکرٹری سریندر سنگھ چنی نے دعویٰ کیا کہ اب ملک بھر میں ایک بار پھر کانگریس اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ سریندر سنگھ چنی آج جنوبی کشمیر کے ترال کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے بات کی۔
سریندر سنگھ چنی نے بتایا کہ کرناٹک نتائج نے جمہوریت کو ایک نئی امید دی ہے اور ایک بار پھر عوام نے سیکولر طاقتوں پر اعتماد ظاہر کیا ہے اور فرقہ پرست جماعتوں اور طاقتوں کو نکارا ہے جو ایک اچھی شروعات ہے کیونکہ کرناٹک سے ہی ہمارے قائد راہل گاندھی نے بھارت جوڈو یاترا شروع کی تھی اور اب یہاں سے اسمبلی انتخابات میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنا پورے ملک کے لیے نیک شگون ہے اور اب ہمیں امید ہے کہ اس سے ملک میں ایک نئی فضا قائم ہوگی۔