پلوامہ:کانگریس پارٹی کی جانب سے جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے ووین، پانپور میں ’’بھارت جوڑو یاترا‘‘ کی تیاریوں کے حوالہ سے جائزہ میٹنگ منعقد کی گئی جس میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سیکریٹری اور بھارت جوڑو یاترا کے اوبزرور، چیتن چوہان، سمیت کانگریس پارٹی کے مقامی لیڈران و کارکنان کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔
میٹنگ کے دوران کانگریس ارکان سے خطاب کرتے ہوئے بھارت جوڑو یاترا کے اوبزرور چیتن چوہان نے کہا کہ ’’راہل گاندھی کی قیادت میں جاری یاترا نے ملک کے باشندوں میں امید اور اعتماد پیدا کیا ہے اور یہ جمہوری نظام کو دوبارہ پٹری پر لانے کے لئے اہم اور کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ یاترا سے صرف ان لوگوں کو پریشانی ہو رہی ہے جو ملک کی ترقی سے ناخوش ہے۔
چیتن چوہان نے میٹنگ کے حاشیہ پر میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس نفرت کی سیاست اور غلط پالیسیوں کے خلاف ہے اور بھارت جوڑو یاترا کے ذریعے کانگریس پارٹی امن و امان اور محبت کا پیغام لوگوں تک پہنچانا چاہتی ہے۔ چیتن چوہان نے سماجی و سیاسی کارکنان بشمول این جی اوز اور عام شہریوں سے ’’تبدیلی اور بہتری کے لیے راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا میں شامل ہونے‘‘ کی دعوت دی۔