پلوامہ (جموں و کشمیر) :بیساکھی کی اختتامی تقریب جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں بورڈنگ ہاؤس ترال میں منعقد ہوئی جہاں وادی بھر سے سکھ عقیدت مندوں کی ایک بڑی تعداد نے شمولیت اختیار کی۔ دن بھر جاری رہنے والے اس پروگرام میں خصوصی پوجا پاٹ اور شبد کیرتن کا اہتمام کیا گیا۔ عقیدت مندوں کے لیے لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔
اس موقعے پر آپسی بھائی چارے اور امن و امان کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ مقامی مسلمانوں نے بھی تقریب میں شرکت کر کے بھائی چارے، مذہبی رواداری کی قندیل کو زندہ رکھا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ بصیر الحق چودھری نے اے ڈی سی ترال کے ہمراہ بورڈنگ ہاؤس پہنچ کر سکھ سنگت کو مبارک باد پیش کی۔
مقامی سیاسی لیڈران الطاف ٹھاکر، سریندر سنگھ چنئ، اوتار سنگھ، منظور گنائی، ڈاکٹر ہر بخش سنگھ، ڈاکٹر فاروق آغا نے بھی حاضری دے کر اپنی طرف سے مبارک باد پیش کی۔ میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے سیاسی لیڈران نے بیساکھی کے حقیقی فلسفے کو عام کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ترال علاقہ ہمیشہ بھائی چارے کا مرکز رہا ہے۔