سکھ مذہب کے مشہور تہوار بیساکھی کی اختتامی تقریب آج جنوبی کشمیر کے ترال میں واقع گرو نانک بورڈنگ ہاؤس میں ہوئی۔ تقریب میں وادی کے سبھی اضلاع سے آئے ہوئے ہزاروں عقیدت مندوں نے شمولیت کی اور یہاں منعقد شبد کیرتن اور خصوصی پوجا پاٹ کی مجالس میں حصّہ لیا۔
اس موقع پر ترال کے سکھ سنگت کی جانب سے ایک لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سکھوں کے مذہبی لیڈروں نے گرونانک اور گرو گوبند سنگھ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔
عقیدتمندوں کی طرف سے محکمہ صحت، میونسپلٹی، بجلی، جل شکتی اور دیگر محکموں کے ملازمین کو تعینات کیا گیا تھا۔ سکیورٹی کے حوالے سے بھی غیر معمولی انتظامات کیے گئے تھے اور ایس ایچ او ترال عبدالرحمان از خود سکیورٹی کی نگرانی کر رہے تھے جبکہ بچوں کی دلچسپی کے لیے جھولے کی سہولیات بھی دستیاب تھی۔
بورڈنگ ہاؤس کے احاطے میں گتکا بازی کو سینکڑوں لوگوں نے دیکھ لیا اور گتکا بازی میں شامل کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔
اختتامی تقریب میں شوپیان سے تعلق رکھنے والے ایک عقیدت مند نے بتایا کہ وہ یہاں آ کر بہت خوش ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس کے خاتمے کے لیے یہاں خصوصی دعائیں کی گئیں۔