پلوامہ:کمشنر سیکریٹری برائے سائنس اینڈ ٹکنالوجی، سوربھ بھگت، نے جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں ڈی سی آفس کمپلیکس میں منعقدہ ایک عوامی دربار کی صدارت کی اور لوگوں کی شکایات اور مطالبات کا جائزہ لیا۔ عوامی دربار میں سماج کے مختلف طبقہ ہائے فکر سے وابستہ افراد نے شرکت کی اور دربار میں شریک عوامی وفود نے سوربھ بھگت کو درپیش مسائل کے بارے میں آگاہ کیا اور ان کے ازالے میں مداخلت کی درخواست کی۔
عوامی دربار میں ڈپٹی کمشنر پلوامہ، ڈاکٹر بشارت قیوم نے بھی شرکت کی اور سیکرٹری کو ضلع کی مجموعی ترقیاتی صورتحال سے آگاہ کیا۔ ڈی ڈی سی چیئرمین نے مطالبات کی ایک یادداشت پیش کی جس میں دیہی انجینئرنگ ونگ میں افرادی قوت کی ضرورت، آفات سماوی کی وجہ سے پیدا ہونے والے ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے کپیکس کے تحت فنڈز کا استعمال وغیرہ سے متعلق مطالبات شامل شامل تھے۔
ڈی ڈی سی اور بی ڈی سی ممبران نے اپنے اپنے علاقوں سے متعلق مسائل کو پیش کیا جن میں خاص کر تباہ شدہ فصلوں کا معاوضہ، بالائی مقامات پر سڑک رابطہ، پانی کے ذخائر کے قریب سیلاب زدہ اور متاثرہ علاقوں کے لیے ایک مضبوط طریقہ کار وضع کرنا، بے زمین خاندانوں کے لیے زمین اور محتلف محکمہ جات میں خالی پڑی اسامیوں کو پورا کرنے کے مطالبات شامل تھے۔