جموں و کشمیر کے ضلع پلوامہ میں محمکہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے آج 32 ویں روڈ سیفٹی ماہ کی اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ ڈاکٹر راگھو لنگر نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ پروگرام میں ایس ایس پی پلوامہ کے علاوہ دوسرے محکموں کے افسران اور محکمہ ٹرانسپورٹ کے تمام ملازمین بھی موجود رہے۔
روڈ سیفٹی ماہ: پلوامہ میں اختتامی تقریب کا انعقاد اس موقع پر محمکہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے بچوں کے درمیان پینٹنگ کمپٹیشن کا بھی انعقاد کیا گیا۔ وہیں، محمکہ صحت کی جانب سے ڈرائیور کے لیے خون عطیہ کیمپ بھی لگایا گیا اور ڈرائیوروں کو حادثات سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر و دیگر لوازمات پورے کرنے کی اپیل بھی کی گئی۔
اسسٹیٹ ٹرانسپورٹ آفیسر پلوامہ معظم علی نے لوگوں سے اپیل کی کہ ٹریفک قوانین کی اچھی طرح پاسداری کریں تاکہ اپنے ساتھ ساتھ دوسروں کی جان کو بھی محفوظ رکھ سکیں، انہوں نے اپیل کی کہ عام لوگ بھی ٹریفک قوانین پر عمل پیرا کروانے کے لیے اپنا تعاون پیش کریں تاکہ آنے والے وقت میں سڑک حادثات سے بچا جا سکے۔
پروگرام میں روڈ سیفٹی کے حوالے سے نمایاں خدمات انجام دینے والے افراد کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔ اس موقع پر سب سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ خود بھی سڑک کی حفاظت کے اصولوں پر عمل کریں اور دوسروں کو بھی ایسا کرنے کی ترغیب دیں۔
واضح رہے کہ جموں و کشمیر میں 32 ویں روڈ سیفٹی ماہ کا آغاز 17 جنوری سے کیا گیا تھا، جس کے تحت روڈ سیفٹی کے لیے تمام اضلاع میں ایک مہینہ تک گاڑی والوں کو مختلف پروگراموں کے ذریعہ حادثات سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی اپیل کی گئی۔ روڈ سیفٹی ماہ کے انعقاد کا مقصد لوگوں کو ٹریفک قوانین کے متعلق جانکاری فراہم کرنا اور اس پر عمل کی ترغیب دینا ہے۔