ترال:جنوبی کشمیر کے سب ضلع ترال میں کے کئی علاقوں میں جمعرات کے روز شدید بارش کے ساتھ ژالہ باری ہوئی۔ اس ژالہ باری میں سب سے زیادہ نقصان کسانوں کو اٹھانا پڑا۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ سب ضلع کے جواہر پورہ لام، ناگہ بل، ماچھہامہ، باغندر میں تقریباً 15منٹ تک ژالہ باری جاری رہی۔ انہوں نے بتایا کہ ژالہ باری اس قدر شدید تھی کہ درختوں کے پتے زمین پر گر پڑے جبکہ ہر طرف اولے زمین پر صاف نظر آ رہے تھے۔
ترال کے کئی علاقوں میں ژالہ باری سے کھڑی فصلوں خاص کر میوہ جات کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔ کسانوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ متاثرہ کسانوں نے معاوضہ کا مطالبہ کیا ہے۔ وہیں اس سلسلے میں چیف ہارٹیکلچر آفیسر پلوامہ جاوید احمد بٹ نے آج ترال کے کئی علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کسانوں سے بات چیت کی اور انہیں صروری ہدایات دیں۔