پلوامہ (جموں و کشمیر) :ایک ایسے وقت میں جبکہ وادی کے اطراف و اکناف میں اس وقت شالی کی پنیری لگانے کا سیزن عروج پر ہے، جنوبی کشمیر کے ترال سب ضلع میں اریگیشن اینڈ فلڈ کنٹرول کے دو پمپ اسٹیشن چالو نہ ہونے سے سینکڑوں کنال اراضی بنجر ہونے کے دہانے پر ہے۔ چیوہ اولر، ترال کی آبادی نے ’’اریگیشن محکمہ کی ناقص کارکردگی‘‘ کو لیکر ایک خاموش احتجاج کیا اور اپنی بات انتظامیہ تک پہنچانے کی کوشش کی۔ مقامی لوگوں کے مطابق انکے گاؤں میں ایک کے بجائے دو اریگیشن پمپ اسٹیشن کروڑوں روپے کی مالیت سے تعمیر کیے گئے ہیں تاکہ زرعی اراضی کو آبپاشی سہولیات فراہم ہو سکے۔
احتجاج کر رہے باشندوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں کے دوران ہر سال مئی کے آخر سے ہی اریگیشن کے لیے پانی بحال کیا جاتا تھا تاہم رواں برس ایسا نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے کسان پنیری لگانے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے کہا وقت پر سینچائی کے لئے پانی میسر نہ کیے جانے کے باعث سینکڑوں کنال زرعی اراضی بنجر بننے کے درپے ہے۔