پلوامہ (جموں کشمیر) :سرکاری اسکولوں میں زیر تعلیم طلبہ کو تعلیم کے ساتھ ساتھ وردی، کتابیں اور کھانا مفت فراہم کیا جاتا ہے تاکہ غریب سے غریب طالب علم بھی تعلیم کے نور سے منور ہو سکے۔ وہیں طلبہ کو اسپورٹس کٹس، اسٹیشنری وغیرہ فراہم کرنے کے لیے این جی اوز اور صاحب ثروت لوگ بھی آگے آرہے ہیں۔ جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں چیف ایجوکیشن آفیسر نے بھی ایک ایسی ہی مثال قائم کرکے ذاتی خرچ سے اسکولی طلبہ کو جوتے فراہم کیے۔
ضلع پلوامہ کا اندوالی نامی علاقہ ہیڈ کوارٹر سے تقریبا 30 کلومیٹر کی دوری پر پہاڑی علاقوں میں شمار کیا جاتا ہے، جہاں کی بیشتر آبادی خط افلاس سے نیچے کی زندگی گزار رہے ہیں۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے اندوالی علاقے کے سرکاری اسکولوں کا دورہ کرنے کے بعد بارہا ان اسکولوں کا بنیادی اانفراسٹرکچر مضبوط بنانے اور طلبہ کو ضروری سامان فراہم کرنے کی غرض سے کوئی اقدامات اٹھائے اور یقین دہانی بھی کی گئی۔ اسی ضمن میں چیف ایجوکیشن آفسر پلوامہ نے اندوالی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے گورنمنٹ پرائمری اسکول کا بھی دورہ کیا اور انہوں نے وہاں بچوں کو بغیر جوتے کے ہی اسکول آتے دیکھ کر انہیں جوتے فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔ اسکولی عملہ سے رپورٹ طلب کرنے کے بعد چیف ایجوکیشن آفسر پلوامہ ایم کیو ندوی نے گورنمنٹ پرائمری اسکول اندوالی جاکر یہاں زیر تعلیم 210 طلبہ کو جوتے تقسیم کئے۔