ایک ایسے وقت میں جبکہ بی جے پی کی ایماء پر جموں وکشمیر میں انسدادی مہم شروع کی گئی ہے، اس سے بی جے پی کے مکروہ عزائم بے نقاب ہو گئے ہیں، ان خیالات کا اظہار نیشنل کانفرنس کے رہنما شیخ رشید ترالی نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ خصوصی بات چیت میں کی۔ شیخ رشید نے بتایا کہ بی جے پی کا ایجنڈا یہ ہے کہ جموں وکشمیر کے عوام کو پس پشت ڈال دیا جائے، تاہم یہاں کے لوگ اس صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں، کیونکہ ایک مخصوص ایجنڈے کی بنا پر پہلے یہاں کی میوہ صنعت کو تباہ کیا گیا، پھر راشن میں کٹوتی کی گئی اور اب سر سے آشیانہ بھی چھینا جا رہا ہے-
شیخ رشید نے بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے خلاف ملک میں فضا بن رہی ہے۔ شیخ رشید نے بتایا کہ حال ہی میں اختتام پذیر ہوئی بھارت جوڑو یاترا نے بی جے پی کے اندر زلزلہ پیدا کیا ہے اور اب حواس باختہ ہوکر اس کا غصہ عوام پرکیا جا رہا ہے جو کہ سمجھ سے بالا تر ہے۔ پی ڈی پی میں شمولیت کی افواہوں پر بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے بتایا کہ وہ نیشنل کانفرنس کے سپاہی ہیں، پارٹی چھوڑنے کا سوال ہی نہیں ہے تاہم بھارت جوڑو یاترا کے دوران محبوبہ مفتی کے ساتھ ایک ملاقات کا فوٹو مخالفین کی جانب سے وائرل کیا جا رہا ہے۔