ترال:مرکز جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات منعقد کرانے کے لیے سنجیدہ نہیں ہے اور یہی وجہ ہے کہ یہاں ایک عوامی حکومت کا خواب ابھی تک شرمندہ تعبیر نہیں ہوا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پی ڈی پی کے ترجمان ڈاکٹر ہربخش سنگھ نے ترال علاقے کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک طرف چیف الیکٹرول افسر جموں وکشمیر میں پنچایتی، بلدیاتی اداروں اور لوک سبھا انتخابات کے انعقاد کے لیے بیانات جاری کر رہا ہے، وہیں اسمبلی انتخابات کے بارے میں مرکز کی معنی خیز خاموشی کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے۔
ڈاکٹر ہربخش سنگھ کے مطابق اگرچہ پورے ملک میں پنچایتی راج سسٹم موجود بھی ہے اور وہاں اسمبلی انتخابات بھی وقت پر منعقد کیے جاتے ہیں لیکن بدقسمتی سے جموں وکشمیر میں دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد اسمبلی انتخابات منعقد نہیں کیے گئے جس کی وجہ سے عوامی سطح پر ایک گھٹن سی محسوس کی جا رہی ہے، کیونکہ ایک منتخب عوامی حکومت میں عوام کو سرکار تک زیادہ رسائی حاصل ہوتی ہے جو کہ گورنر راج میں ممکن نہیں ہے۔