سرینگر : جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے کنگن علاقے میں ایک تیز رفتار ٹپر نے موٹر سائیکل سوار کو کچل کر ابدی نیند سلا دیا۔ اطلاعات کے مطابق پلوامہ کے کنگن علاقے میں اُس وقت کہرام مچ گیا جب ایک تیز رفتار ٹپر نے ایک موٹر سائیکل سوار کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں اس کی بر سر موقع ہی موت واقع ہو گئی۔ متوفی کی شناخت اعجاز احمد بٹ ولد خورشید احمد بٹ ساکنہ تلسرہ، پکھر پورہ، بڈگام کے طور پر ہوئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثہ پیش آنے کے بعد ٹپر ڈرائیور جائے واردات سے فرار ہو گیا۔ تاہم پولیس کی ایک ٹیم نے جائے واردات پر پہنچ کر کارروائی شروع کر دی۔ پولیس نے معاملہ درج کرکے فرار ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی۔ پلوامہ پولیس کا کہنا ہے کہ طبی و قانونی لوازمات کی تکمیل کے بعد میت کو آخری رسومات کے لیے لواحقین کے سپرد کر دیا جائے گا۔ ادھر، متوفی کے آبائی علاقہ پکھرپورہ، بڈگام میں ٹریفک حادثہ کی اطلاع پہنچتے ہی وہاں کہرام مچ گیا۔