پلوامہ (جموں و کشمیر) :عالمی یوم ریڈ کراس کے سلسلے میں وادی کشمیر کے طول و ارض میں مختلف تقاریب کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اسی سلسلے کی ایک کڑی کے تحت یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس کی جانب سے پلوامہ کے ایک نجی اسکول میں پینٹنگ مقابلہ کا اہتمام کیا گیا جس میں درجنوں طالب علموں نے شرکت کی۔ پروگرام کے دوران طلبہ نے پینٹنگ کے ذریعے اپنے ہنر کی نمائش کی اور بہترین پینٹنگ بنانے والے طلبہ کو محکمہ کی جانب سے اعزازات سے نوازا گیا۔
پینٹنگ مقابلہ میں محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس کے عہدیداران، اسکول کے تدریسی و غیر تدریسی عملہ سمیت طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر کچھ طلبہ نے آفات کے دوران لوگوں کی مدد، دیکھ بھال اور لوگوں کی زندگیاں بچانے کے لیے مختلف خدمات فراہم کرنے میں ریڈ کراس سوسائٹی کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے آفات سماوی اور دیگر حادثات اور ایمرجنسی کے دوران ضرورت مندوں کی مدد کرنے اور ریڈ کراس عملہ کی لگن، ہمدردی اور ہمت کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ ’’ریڈ کراس کی ٹیم اور دیگر رضاکار کسی بھی آفت سماوی یا ناگہانی صورتحال کے دوران ضرورت مند لوگوں کی بے لوث مدد اور خدمت کرتے ہیں جس کا کوئی نعم البدل نہیں۔‘‘