جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں قصبہ پانپور کے ٹاؤن ہال میں بدھ کو بلاک دیوس کے سلسلے میں پروگرام منعقد کیا گیا جس میں چیف سیکریٹری بی وی آر سبرامنیم کے علاوہ مختلف محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔
بلاک دیوس: ٹاؤن ہال پانپور میں تقریب اس موقع پر تحصیل انتظامیہ کے مختلف محکموں کی جانب سے قصبہ کے مختلف علاقے سے آئے ہوئے لوگوں کی شکایات سننے کے لئے کائونٹرس لگائے گئے تھے تاکہ لوگ اپنے اپنے علاقے کی شکایات یا دیگر اسناد و دستاویزات کی اجرائی سے متعلق شکایات کا ازالہ کر سکیں۔
واضح رہے کہ یہ پروگرام بیک ٹو ولیج (مرحلہ سوم) سے پہلے منعقد کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام اور افسروں کے بیچ میں ایک مضبوط رابطہ قائم کیا جا سکے۔
اس موقع پر نوجوانوں کو منشیات سے دوررکھنے اور انہیں کھیل کود کی طرف راغب کرنے کی غرض سے چیف سیکریٹری بی وی آر سبرامنیم نے نوجوان کھلاڑیوں میں سپورٹس کٹس بھی تقسیم کیے۔
پروگرآم میں چیف سیکریٹری، ڈویژنل کمشنر کشمیر پی کے پولے، ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ، ایس ایس پی اونتی پورہ، تحصیلدار پانپور اور بلاک ڈیولپپمنٹ آفسر پانپور کے علاوہ دیگر کئی اعلیٰ افسران موجود تھے۔
چیف سیکریٹری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاک دیوس جیسے پروگرام سے لوگوں اور انتظامیہ کے افسروں کے بیچ ایک رابطہ قائم ہو رہا اور لوگوں کو مختلف دفاتر کے چکر نہیں کاٹنے پڑتے ہیں، بلکہ ایک ہی جگہ پر ان کے لئے سبھی محکموں کے افسران دستیاب رہتے ہیں۔