پلوامہ (جموں و کشمیر) :’’اسمبلی انتخابات کا اعلان نہ ہونے کے باوجود بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی جانب سے ’پچاس پار‘ کا نعرہ دینا عوامی سطح پر ہوا کھڑا کرنے کے مترادف ہے۔‘‘ ان خیالات کا اظہار جموں و کشمیر ریاستی کانگریس کے سینئر لیڈر اور جنرل سیکرٹری سردار سریندر سنگھ چنئ نے ترال کے نارستان علاقے میں ای ٹی وی بھارت کے ساتھ خصوصی بات چیت کے دران کیا۔ سریندر سنگھ چنئ نے بتایا کہ ’’ابھی الیکشن کے بارے میں کوئی تصویر صاف نہیں ہے کہ کب اور کہاں منعقد ہوں گے، اور جب الیکشن کمیشن باضابطہ انتخابات کا اعلان کرے گا تب پتہ چلے گا کون پچاس کے پار ہے اور کون پانچ کے پار ہے۔ یہ تو آنے والا وقت ہی بتاے گا کیونکہ عوام طاقت کا سرچشمہ ہوتا ہے اور عوام ہی اپنے مستقبل کا فیصلہ کرے گی۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ بھاجپا کی جانب سے کیے جا رہے دعووں کو ’’محض سیاسی پینترے بازی‘‘ قرار دیا۔‘‘
یونیفارم سیول کوڈ کے بارے میں بات کرتے ہوئے سریندر سنگھ چنئ نے بتایا کہ ’’انتخابات کے موقع پر بی جے پی کو نعروں کی تلاش رہتی ہے اور اس لئے اب عوام کو گمراہ کرنے کے لیے یو سی سی جیسے نعروں کا سہارا لیا جا رہا ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ بی جے پی عوامی سطح پر بے نقاب ہوگئی ہے اور اب وہ مزید عوام کو بے وقوف نہیں بنا سکتی۔‘‘ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ’’جہاں اس بات کا اشارہ مل رہا ہے کہ بلدیاتی اور پنچایتی اداروں کے انتخابات منعقد کیے جا رہے ہیں ایسے میں عوام کو قابل اور بہتر امیدواروں کو آگے لانا چاہیے اور جمہوری نظام حکومت میں اپنی پکڑ مضبوط بنا سکے۔‘‘