گزشتہ برس 5 اگست کو وادی کشمیر کے خصوصی درجے کو منسوخ کیے جانے کا آج ایک سال پورا ہو گیا ہے اس سلسلے میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے وادی کے مختلف علاقوں میں جشن منایا۔ وہیں زعفران کالونی پامپور میں آج بھارتیہ جنتا پارٹی یوا مورچہ کی جانب سے بھی ایک جشن منعقد کیا گیا۔ یہ جیشن یوتھ نیشنل وائس پرزڈنٹ انجینیر اعجاز حسین کی رہائشگاہ پر منعقد کیا گیا۔ اس دوران یوا مورچہ کے کارکنان نے ایک کیک کاٹ کر ایک دوسرے کو مبارک باد پیش کی۔
جشن میں انجینیئر اعجاز حسین کے علاوہ پارٹی کے سینئر عہدیداروں اور کارکنان نے شرکت کی۔
'دفعہ 370 کی منسوخی سے تعمیر و ترقی کی راہ ہموار ہوئی' اس موقع پر انجینیئر اعجاز حسین نے کہا کہ دفعہ 370 کے ہٹانے سے وادی میں تعمیر و ترقی کی سرگرمیوں کو تقویت ملی ہے۔ انہوں نے کہا آج کے جشن میں وادی کے لوگوں کی شرکت اس بات کی علامت ہے کہ یہاں کے لوگ تعمیر و ترقی کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دفعہ 370 ہٹانے سے یہاں کے نوجوانوں میں ایک نیا جوش و جذبہ پیدا ہو گیا ہے۔ جس کی مثال کل کے یو پی ایس سی کے نتائج سامنے آنے کے بعد صاف طور سے نظر آگیا ہے جس میں جموں کشمیر کے تقریباً 16 طالب علموں نے امتحان میں کامیابی حاصل کی۔
انہوں نے کہا کہ دوسری پارٹیاں آج کے دن کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کی باتیں اس لئے کرتی ہیں کیونکہ وہ صرف کشمیری لوگوں کو استعمال کرکے اپنا مفاد حاصل کر رہے تھے۔ انہیں وادی کی تعمیر و ترقی اور یہاں کے نوجوانوں سے کوئی سروکار نہیں ہے۔