پلوامہ (جموں و کشمیر) :جموں و کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک کو ’’بڑ بولا‘‘ قرار دیتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ریاستی ترجمان الطاف ٹھاکر نے دعویٰ کیا کہ ’’گورنری چلے جانے کے بعد اب وہ بوکھلاہٹ کے شکار ہو گئے ہیں اور بوکھلاہٹ کے عالم میں وہ بے سر و پیر بیانات جاری کر رہے ہیں۔‘‘ ان خیالات کا اظہار ٹھاکر نے جنوبی کشمیر کے ترال علاقے میں بیساکھی کی ایک تقریب کے حاشیہ پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کیا۔
بی جے پی جموں و کشمیر کے ترجامن الطاف ٹھاکر نے کہا کہ ’’سابق گورنر نے اُس وقت بھی ادھر اُدھر کے بیانات جاری کیے تھے جب وہ یہاں کے گورنر تھے۔ اب چونکہ ان کے پاس کوئی آئینی عہدہ نہیں رہا اور ان کی سکیورٹی بھی ہٹا لی گئی، یہی وجہ ہے کہ وہ اب ملک مخالف پروپیگنڈہ کر رہے ہیں اور اب پلوامہ حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کا نام لیکر وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کا نام بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘