پلوامہ:انسداد تجاوزات مہم کو ’’جائز اور وقت کی ضرورت‘‘ قرار دیتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) جموں و کشمیر کے ترجمان الطاف ٹھاکر نے دعویٰ کیا کہ ’’بلڈوزر سیاسی دلالوں سے ناجائز قبضہ کو ہٹانے کے لیے کارگر ثابت ہو رہا ہے اور یہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔‘‘ ٹھاکر نے زور دیتے ہوئے کہا: ’’بلڈوزر کارروائی ہرگز نہیں رکے گی۔‘‘ بی جے ترجمان الطاف ٹھاکر بدھ کو جنوبی کشمیر کے ترال علاقے میں شاہ آباد دیہات میں عوامی رابطہ مہم میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران ان باتوں کا اظہار کیا۔
تجازوات کے خلاف جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ٹھاکر نے کہا: ’’محبوبہ مفتی غریبوں کا درد نہیں سمجھ سکتی کیونکہ وہ وزیر داخلہ کے گھر پیدا ہوئی اور نازوں کے ساتھ اس کی پرورش ہوئی ہے۔‘‘ ٹھاکر کے مطابق ’’بلڈوزر کارروائی ہر گز غریب عوام کے خلاف عملائی نہیں جائے گی جیسا کی جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بھی یقین دہانی کی ہے۔‘‘ الطاف ٹھاکر نے محبوبہ مفتی کی تنقید کرتے ہوئے کہاکہ ’’محبوبہ مفتی خواہ مخواہ شور شرابا کر رہی ہے، بلڈوزر کارروائی تب تک نہیں رکے گی جب تک سرکاری اراضی پر سے مکمل طور پر قبضہ نہ ہٹایا جائے۔‘‘