پلوامہ (جموں کشمیر) :’’بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کشمیر میں پنڈتوں کو واپس لانے میں ناکام ہو چکی ہے، بلکہ جو پنڈت یہاں مقیم تھے وہ بھی اب کشمیر کو خیر باد کہہ کر دوسرے شہروں میں رہائش اختیار کر رہے ہیں۔‘‘ ان خیالات کا اظہار پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے جنوبی کشمیر کے ترال علاقے میں ذرائع ابلاغ کے ساتھ بات کرتے ہوئے کیا۔ پی ڈی پی سرپرست محبوبہ مفتی ترال ایک تعزیتی مجلس میں شرکت کرنے کی غرض سے آئی تھی۔
پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ہفتہ کو گلاب باغ، ترال پہنچ کر یہاں پارٹی زونل صدر، قطب الدین شاہ کےگھر جا کر تعزیت پرسی کی اور غمزدہ خاندان کی ڈھارس بندھائی۔ قطب الدین کے والد حاجی غلام رسول شاہ گزشتہ دنوں انتقال کر گئے تھے۔ اس موقع پر پارٹی کے ضلع صدر پلوامہ، سید باری اندرابی، سابق ممبر اسمبلی ترال مشتاق احمد شاہ، وحید الرحمان پرہ اور دیگر لیڈران بھی محبوبہ کے ہمراہ تھے، بعد میں محبوبہ مفتی نے یہاں کل شام فوت ہوئی ایک سکھ عورت کے گھر جاکر بھی تعزیت پرسی کی۔