ترال: جموں و کشمیر میں جاری مہاجن سمپرک ابھیان کے تحت الطاف ٹھاکر نے ترال کے بٹنور کا دورہ کیا۔ اس دوران کئی عوامی وفود نے اپنے اپنے مسائل موصوف کی نوٹس میں لائے۔ بر نواڈ بٹ نور کے ایک وفد نے علاقے میں رابطہ سڑک کی عدم دستیابی کا مسئلہ پیش کیا۔ لوگوں نے الطاف ٹھاکر کو بتایا کہ ان کا علاقہ دور جدید میں بھی سڑک رابطے سے محروم ہے۔ جس کی وجہ سے انہیں بیماروں کو کندھے پر ہسپتال پہنچانا پڑتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس بارے میں آج تک انہوں نے ہر جگہ اپنی آواز پہنچا دی لیکن سڑک کا خواب ہنوز شرمندہ تعبیر ہے جبکہ دیگر وفود نے اپنے اپنے مسائل کو اجاگر کیا اور کئی افراد نے پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت منصفانہ طور مکانات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ الطاف ٹھاکر نے ان لوگوں کو یقین دلایا کہ وہ ان کے مسائل کو متعلقہ حکام کی نوٹس میں لاکر انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کریں گے۔