ترال( پلوامہ):بھارت کےسابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کے جنم دن کے موقع پر بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے آج اونتی پورہ سے ترال تک ایک میگا روڈ شو کا اہتمام کیا گیا۔ اس روڈ شو کی قیادت بی جے پی کے سینیئر لیڈر اور بی جے پی ترجمان جموں و کشمیر الطاف ٹھاکر نے کی۔روڈ شو کے دوران کارکن بی جے پی اور اٹل بہاری واجپائی کے حق میں نعرے بازی کر رہے تھے۔
بس اسٹینڈ ترال پہنچ کر الطاف ٹھاکر اور دیگر لیڈران نے اٹل بہاری واجپائی کے فوٹو پر گلباری کی اور اسے ایک عظیم لیڈر قرار دیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں الطاف ٹھاکر نے بتایا کہ اٹل بہاری جی نے ہی کہا تھا، کہ دوست کو بدلا جا سکتا ہے، ہمسایہ کو نہیں۔اور اسی لیڈر نے بھارت میں جامع ترقی کی راہ ہموار کی۔ اس موقع پر دیگر لیڈران سجاد رینا، محمد شفیع وانی، ڈاکٹر ضمیر اور دیگر لیڈران بھی موجود تھے۔
میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے الطاف ٹھاکر نے پونچھ میں عام شہریوں کی ہلاکت پر رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات نہیں ہونے چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے اس حوالے سے تحقیقات کا حکم دیا ہے اور بی جے پی زیرو ٹالرنس کے معاملے پر وعدہ بند ہے۔