پلوامہ: وادی کشمیر میں محمکہ تعلیم کی جانب سے کل آٹھویں جماعت کے نتائج کا اعلان کیا گیا۔ جس میں سرکاری اسکولوں کے بچوں نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس امتحان میں 96.6 فیصد سے زیادہ طلباء و طالبات نے کامیابی حاصل کی۔ وہیں آٹھویں جماعت کے امتحان میں ضلع پلوامہ کے گانگو علاقے کے تین بچوں نے ضلعی سطح پر اول، دوم اور نواں مقام حاصل کیا ہے۔ ان یہ طلبا گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول گانگو میں زیرِ تعلیم ہیں۔ اس ضمن میں گورنمنٹ بوائز اسکول گانگو میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ان بچوں کے والدین نے بھی شرکت کی۔ اساتذہ نے ان بچوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں انعامات سے نوازا۔
اس موقع پر محمد حسین ملک نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ آٹھویں جماعت کے امتحانی نتائج کا اعلان گزشتہ روز کیا گیا جس میں میں نے ضلعی سطح پر اول مقام حاصل کیا ہے۔ انہوں نے کہا اساتذہ اور والدین کی محنت کی وجہ سے ہم اس قابل ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کا رویہ ہمارے ساتھ کافی بہتر رہا ہے۔ وہیں توحید یاسین نے کہا کہ میں نے ضلعی سطح پر آٹھویں جماعت کے امتحان میں دوسرا مقام حاصل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کامیابی سے ہمارے والدین اور اسکول اساتذہ بھی بہت خوش ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکولوں میں تعلیمی معیار بہتر ہوا ہے جبکہ اسکول میں موجود اسٹاف بھی محنت کرتے ہیں اور سرکار کی جانب سے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لئے ہر طرح کی سہولیات فراہم کی جاتی ہے۔ وہیں سکینہ حسن نے اس امتحان میں ضلعی سطح پر نواں مقام حاصل کیا ہے۔ اس طرح سے ان پچوں نے اپنے اسکول کے ساتھ ساتھ علاقے اور والدین کا نام بھی روشن کیا۔ اسکول کے ایک ٹیچر محمد حسین نے کہا کہ ہم سب اساتذہ کی محنت کی وجہ سے ہمارے بچوں نے آٹھویں جماعت کے امتحان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکولوں میں تعلیمی معیار بہتر ہے لوگوں کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کا داخلہ سرکاری اسکولوں میں کرائیں۔