ضلع پلوامہ کے ترال علاقے میں مگس بانی سے وابستہ افراد نے اتوار کو دلناگ پارک ترال میں جمع ہو کر ایک میٹنگ کا اہتمام کیا جس میں متعدد بی کیپروں نے شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر انھوں نے مگس بانی کی صنعت کو درپیش مسائل کے حوالے سے مفصل بحث کی۔
میٹنگ کے اختتام پر ایک یونین کا قیام عمل میں لایا گیا جو کہ ترال میں اس صنعت سے وابستہ افراد اور انتظامیہ کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرے گی۔
اس موقع پر بااتفاق رائے جی ایم تراگ کو یونین کا صدر بنایا گیا جنہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس صنعت سے وابستہ افراد کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرتے رہیں گے تاکہ مزید بے روزگار لڑکوں کو اس سے فائده ملے۔