پلوامہ (جموں کشمیر) :وادی کشمیر میں محکمہ آیوش کئی دہائیوں سے کام کر رہا ہے، جہاں محکمہ کی جانب سے عوام کو مفت ادویات فراہم کی جا رہی ہیں وہی محکمہ دور دراز علاقوں میں عوام تک پہنچنے کے لیے طبی کیمپس کا بھی اہتمام کرتی ہے تاکہ عوام کو بہتر طبی نگہداشت فراہم کی جا سکے۔ اس سلسلے میں آج محکمہ کی جانب سے ضلع پلوامہ کے آیوش یونٹ نے عوام کے لئے مفت طبی کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا جس میں لوگوں کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔
طبی کیمپ میں آئے مریضوں کا علاج و معالجہ کیا گیا وہیں ان میں مفت ادویات بھی تقسیم کی گئیں، جبکہ کیمپ میں مریضوں کو مفید مشوروں سے نوازا گیا جبکہ بعض مریضوں کے ٹیسٹ بھی کیے گئے۔ اس موقع پر محکمہ سے وابستہ ایک معالج، ڈاکٹر الطاف شاہ نے کہا کہ ’’آج ہم نے مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا جس میں مختلف بیماریوں میں مبتلا مریضوں کا علاج و معالجہ کیا گیا، ساتھ ہی ان مریضوں کو مفت ادویات بھی فراہم کی گئی جس کا مقصد ہے کہ عوام کو بہتر سے بہتر طبی نگہداشت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف عارضوں میں مبتلا مریضوں کی کاؤنسلنگ بھی کی جائے۔