پلوامہ (جموں کشمیر) :منشیات فروشوں کے خلاف اپنی کارروائی کو جاری رکھتے ہوئے اونتی پورہ پولیس نے پیر کو ایک دو منزلہ رہائشی مکان، جس کی قیمت تقریباً بارہ لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے، کو قرق کر لیا۔ اونتی پورہ پولیس کے مطابق قرق کی گئی جائیداد ایک بدنام زمانہ منشیات فروش بختاور احمد مکرو ولد مرحوم عبد الرحمان مکرو ساکنہ گلزار پورہ، اونتی پورہ کی ہے اسے این ڈی پی ایس ایکٹ کی شق 6 ایف کے تحت قرق کیا گیا۔
اونتی پورہ پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے کی گئی تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ رہائشی مکان، جسے اٹیچ کیا گیا، کو غیر قانونی طور حاصل کی گئی آمدن سے تعمیر کیا گیا۔ اس دو منزلہ عمارت کو مکان مالک نے نشہ آور اشیاء خاص کر سائیکو ٹراپک مادوں کی غیر قانونی اسمگلنگ سے حاصل کی گئی آمدن سے تعمیر کیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات فروش / مکان مالک منشیات کی اسمگلنگ سے متعلق کئی کیسز میں ملوث ہے اور اس وقت PIT-NDPS ایکٹ کے تحت حراست میں ہے اور سنٹرل جیل کوٹ بلوال، جموں میں بند ہے۔