پلوامہ (جموں و کشمیر) :اسسٹنٹ لیبر کمشنر، پلوامہ، ہفصہ قیوم نے جنوبی کشمیر کے سب ضلع ترال میں قائم متعدد نجی تعلیمی اداروں کا دورہ کیا، جس دوران انہوں نے ان تعلیمی اداروں میں لیبر قوانین کے نفاذ کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے لیبر ورکرز کے لیے تحفظ، سلامتی اور صحت کو یقینی بنانے کے حوالے سے اٹھائے جا رہے حکومتی اقدامات پر مفصل روشنی ڈالی۔ علاوہ ازیں جانکاری کیمپ کے دوران لیبر محکمہ کی جانب سے وضع کی گئی سرکار کی مختلف اسکیموں کے بارے میں بھی آگاہی فراہم کی گئی جبکہ حکومتی اسکیموں سے استفادہ کرنے کے طریقہ کار بھی بیان کیے گئے۔
میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے حفصہ قیوم نے بتایاکہ انہوں نے ان تعلیمی اداروں میں لیبر قوانین کے نفاد کے حوالے سے مفصل جانکاری حاصل کی ہے جبکہ کچھ مقامات پر لیبر قوانین کو عملانے میں چھوٹی چھوٹی کوتاہیاں پائی گئیں اور ان اداروں کو ایک مقررہ مدت کے اندر سبھی شکایات اور کوتاہیاں دور کرنے کی ہدایت دی گئی۔