پلوامہ (جموں و کشمیر) :جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں آرہل علاقے کی اندرون سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور میگڈمائزیشن کا سلسلہ، موسم میں بہتری کے ساتھ ہی، شروع کر دیا گیا ہے۔ علاقے کی خستہ حال سڑکوں کی مرمت اور میگڈمائزیشن سے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ وہیں اس موقع پر مقامی بی ڈی سی چیئرپرسن، لاسی پورہ بلاک، اور بی جے پی لیڈر سجاد رینہ نے بھی علاقے کا دورہ کیا اور میگڈمائزیشن کے کام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اس موقع پر عوامی وفود سے بھی ملاقات کی۔
مقامی باشندوں نے علاقے میں سڑکوں کی میگڈمائزیشن پر حکام کا شکریہ ادا کیا ساتھ ہی انہوں نے لوگوں کو درپیش دیگر مسائل کو حل کرنے کی بھی اپیل کی۔ لوگوں نے علاقے میں پانی، بجلی، طبی سہولیات سمیت دیگر بنیادی ضروریات کے حوالہ سے لوگوں کو درپیش مسائل سے بھی بی ڈی سی چیئرپرسن کو آگاہ کیا۔ رینہ نے عوام کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے دیگر مطالبات کو بھی حل کرنے کے لئے ضرورری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔