پلوامہ (جموں و کشمیر) :ہندوستان سکاؤٹس اینڈ گائیڈس جموں وکشمیر کی جانب سے ضلع پلوامہ کے ترال علاقے میں انسداد منشیات ریلی کا اہتمام کیا گیا، ریلی کو اے ڈی سی ترال ساجد یحییٰ نقاش نے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ یہ ریلی بس اسٹینڈ ترال میں اختتام پذیر ہوئی۔ اس موقع پر ریلی میں شامل طلبہ منشیات کے مضر اثرات سے متعلق نعرے بلند کر رہے تھے اور انسداد منشیات کے حوالے سے عوام کو آگاہی فراہم کر رہے تھے۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ ’’منشیات کی وبا نے وادی کشمیر میں اپنے پنجے گاڑے ہیں اور اس بدعت کا قلع قمع کرنے کے لیے سرکاری سطح کے ساتھ ساتھ عوامی سطح پر بھی مہم چلانے کی ضرورت ہے۔‘‘
اے ڈی سی ترال، ساجد یحییٰ نقاش، نے میڈیا کو بتایا کہ منشیات کی بدعت کو قابو کرنے کے لیے سرکاری سطح پر اس وقت اقدامات کیے جا رہے ہیں اور اس حوالے سے جہاں منشیات کی بدعت کو پنپنے نہیں دیا جا رہا ہے، وہیں انتظامیہ اس ضمن میں ایسی ریلیز کا انعقاد اس بارے میں ایک مثبت پہل ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ’’منشیات مخالف مہم میں انتظامیہ کا تعاون کریں کیونکہ منشیات ایک ایسی وبا ہے جو ہمارے سماج کو اندر سے ہی کھوکھلا کر رہی ہے۔‘‘