پلوامہ (جموں و کشمیر) :جنوبی کشمیر کے سب ضلع ترال میں ایجوکیشن زون، لرگام نے منشیات کے مضر اثرات پر گورنمنٹ ہائی اسکول آری پل میں ایک پروگرام منعقد کیا جس میں چیف ایجوکیشن آفیسر پلوامہ عبد القیوم نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ پروگرام میں مختلف اسکولوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے منشیات کی بدعت، اس سے ہونے والے انفرادی و اجتماعی اثرات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ ’’ہمارا معاشرہ منشیات کے استعمال سے دور رہ کر ہی ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔‘‘
پروگرام کے دوران طلباء کی جانب سے کچھ ڈرامے بھی پیش کئے گئے، جن کے ذریعے شرکاء کو منشیات کے بُرے اثرات کے بارے میں آگاہی فراہم کی گئی اور اس بات کا عہد کیا گیا کہ ’’منشیات کے خاتمے کے لیے ہم سب اپنا اپنا رول ادا کریں، تاکہ ایک صحت مند معاشرہ تعمیر کیا جا سکے،‘‘ پروگرام کے دوران مدعو کیے گئے مقررین نے بتایا کہ ’’موزوں وقت ہے کہ سول سوسائٹی، والدین، مدارس، ذمہ دار شہری اور علماء و ائمہ مساجد منشیات کو سماج سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے اجتماعی طور پرکوششیں کریں۔‘‘