پلوامہ (جموں کشمیر) :ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (اے ڈی سی) ترال کے دفتر میں انسداد بدعنوانی ہفتہ کی شروعات دفتر کے احاطے میں ایک پروگرام سے شروع کی گئی۔ اینٹی کرپشن کی نسبت سے منعقدہ تقریب میں اے ڈی آفس عملہ کے علاوہ عام شہریوں اور مختلف اسکولوں، کالجز سے تعلق رکھنے والے طلبہ کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
منعقدہ تقریب کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، ترال، ایس وائی نقاش نے اپنے خطاب میں بدعنوانی سے پاک معاشرے کی اہمیت کے بارے میں بیداری پیدا کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا: ’’ایسی تقاریب ہمیں بدعنوانی کی روک تھام اور اس سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کارروائی کا از سر نو عہد کرنے کا موقع بھی فراہم کرتی ہیں۔‘‘ تقریب کے دوران مقررین نے کہا ’’موجودہ دور میں بد عنوانی کو حق تصور کیا جاتا ہے، اسے بُرائی اور جُرم ہی سمجھا ہی نہیں جاتا۔ کرپشن پر گرفتار ہر شخص وِکٹری کا نشان بنا کر قانون کا مذاق اُڑاتا نظر آتا ہے۔‘‘