پلوامہ:ڈی آئی جی سی آر پی ایف جنوبی کشمیر آلوک اوستھی نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ سی آر پی ایف جموں و کشمیر میں مستعدی سے تعینات ہے، تاکہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔ سی آر پی ایف عوام کی حفاظت کے لیے ہر وقت تیار اور پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی آر پی ایف جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کر رہی ہے، تاکہ کسی بھی امکانی صورتحال سے قبل از وقت ہی نمٹا جائے اور عوام کو تحفظ فراہم کیا جائے۔
یاترا کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سی آر پی ایف قومی شاہراہ پر تعینات ہے جو یاتریوں اور عوام کے تحفظ کیلئے پیش پیش ہے تاکہ یاترا پرامن طور سے اختتام پذیر ہو جس کے لیے ہم دن رات کام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس یاترا کے دوران ٹریفک کی نقل و حمل زیادہ ہوتی ہے، جس کو قابو میں رکھنے کے لئے سی آر پی ایف کے جوان جگہ جگہ تعینات کیے گئے ہیں، تاکہ عام لوگوں کے ساتھ ساتھ یاتریوں کو چلنے پھرنے میں آسانی ہو۔ انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر کے عوام بھی یاتریوں کے لیے جگہ جگہ پانی اور دیگر چیزوں کا انتظام کیا ہے۔