پلوامہ (جموں و کشمیر) :ریاست مہاراشٹرا کے وزیر زراعت عبد الستار نے چیف ایگریکلچر آفیسر، پلوامہ، کے ہمراہ انٹرنیشنل زعفران ٹریڈ سنٹر دسو، پانپور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے زعفران سنٹر میں موجود سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے زعفران پراسیسنگ یونٹ میں سٹیگما سپریشن، ڈرائنگ، پیکنگ یونٹس کے علاوہ جی آئی ٹیگ اور ای آکشن سنٹر کا بھی جائزہ لیا۔ مہمان وزیر نے متعلقہ افسران سے سنٹر کے ذریعے کسانوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی درخواست کی زعفران کی صنعت سے جُڑے کسانوں کو کسی بھی طرح کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
وزیر نے زعفران کی کاشت سے وابستہ کسانوں کے ساتھ بھی ایک میٹنگ طلب کی جس دوران زعفران کی صنعت کو مزید مستحکم بنانے کی غرض سے تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ اس موقع پر کسانوں نے اپنے کچھ مطالبات سے بھی مہمان وزیر سے آگاہ کیا جس پر منسٹر نے کسانوں کو یقین دلایا کہ وہ زعفران کی صنعت کو فروغ دینے کے لئے مہارشٹرا سرکار کی جانب سے ہر ممکن مدد فراہم کرانے میں کلیدی رول ادا کریں گے، تاکہ کشمیری زعفران کو زیادہ سے زیادہ فروغ ملے اور کشمیری کسانوں کی آمدنی میں اضافہ ہو سکے۔