وادی کشمیر میں کورونا وبا کے درمیان صارفین کو ناجائز منافع خوروں، گراں بازاری اور ذخیرہ اندوزی سے راحت دیتے ہو ئے محکمہ امور صارفین (پلوامہ) کی گشتی ٹیم نے جنوبی قصبہ ترال کے مختلف بازاروں میں معائنے کے تحت سبزی، گوشت، پھلوں، گوشت اور دیگر اشیاء خوردنوش سرکاری نرخ نامہ سے زائد قیمت پر فروخت کرنے پر درجنوں دکانداروں کا چالان کر کے چار ہزار کا جرمانہ عائد کیا گیا۔
اس دوران محکمہ امور صارفین نے خبردار کیا کہ ناجائز منافع خوروں کو عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جا سکتی۔
محکمہ امور صارفین و تقسیم کاری کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر شیخ عنایت اللہ (کے اے ایس)کی ہدایت پر چیکنگ اسکواڈ جس کی قیادت عبدالرشید خان، نذیر احمد اور ثنا اللہ ڈار کررہے تھے نے صارفین کیلئے مناسب قیمتوں پر اشیائے ضروریہ مناسب قیمتوں پر یقینی بنانے کی غرض سے جنو بی قصبہ ترال کے مختلف بازاروں کا دورہ کیا۔
چیکنگ کے دوران ٹیم نے چندر گام، نور پورہ اور دیگر دیہات میں چھاپہ مار کاروائیوں کے دوران درجنوں دکانداروں کو کاروباری اصولوں کی خلاف ورزی کرنے کی پاداش میں پکڑا جو صارفین سے مقررہ داموں سے زیادہ نرخ وصول کررہے تھے۔