پلوامہ: جنوبی کشمیر کا ضلع پلوامہ دودھ کی پیداوار میں سب سے آگے ہے، یہاں سے روزانہ لاکھوں لیٹر دودھ وادی بھر میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ اس کی پیداواری صلاحیت کو برقرار رکھنے کے لئے اب اس کاروبار سے وابستہ تاجر جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کر رہے ہیں تاکہ عام لوگوں تک معیاری دودھ پہنچایا جا سکے۔ اس ضمن میں دودھ کے کاروبار سے وابستہ منظور احمد نے دودھ کی صلاحیت اور اس کو معیاری بنانے کے لیے ملک کولر کا استعمال کرنا شروع کردیا ہے۔ اس مشین سے دودھ کو ایک خاص درجہ حرارت پر ٹھنڈا کردیا جاتا ہے اور گرمی کے ایام میں دودھ کو خراب ہونے سے بچایا جا سکتا ہے اس سے نہ صرف کسانوں بلکہ اس کاروبار سے وابستہ افراد کو فائدہ ہوگا۔
اس ضمن میں مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ٹیکنالوجی سے قبل بازار میں دودھ کو اچھی قیمت نہیں ملتی تھی تاہم اب ٹیکنالوجی کا استعمال ہو رہا ہے جس سے ہمیں دودھ کی معقول قیمت مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ہمارے علاقے میں ملک کلکشن سنٹر پر بلک ملک کولر مشین نصب کی گئی ہے جس سے اب دودھ جلد خراب نہیں ہوگا۔ ساتھ ہی دودھ کی پیداوار کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔ اس ضمن میں دودھ کے کاروباری منظور احمد نے بات کرتے ہوئے کہا کہ پہلے کسانوں کو کافی نقصان ہوتا تھا کیونکہ انہیں دودھ کی معقول قیمت نہیں مل رہی تھی، وہیں اب ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے دودھ کی مناسب قیمت مقرر کی گئی ہے جس سے ہم کافی مطمئن ہیں۔