کورونا وائرس کے سبب ملک میں تعلیمی سرگرمیاں کافی زیادہ متاثر رہی ہے جس کی وجہ سے محکمہ تعلیم کی جانب سے آن لائن کلاسیز کا آغاز کیا گیا ہے تاکہ بچوں کی تعلیم کم سے کم متاثر ہوسکے، لیکن مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے ضلع پلوامہ میں محکمہ تعلیم کے تین ہزار اساتذہ کو کووڈ-19 کی ڈیوٹی پر مامور کیا گیا ہے جس کی وجہ سے وہ اساتذہ بچوں کو آن لائن کلاسیز نہیں دے پارہے ہیں اور بچوں کی تعلیم متاثر ہو رہی ہے۔
ضلع میں لاک ڈاون میں رعایت دیے جانے کے بعد نجی زندگی کے ساتھ ساتھ کچھ تعلیمی ادارے میں بھی کام شروع ہوا تھا اور کچھ نوجوانوں نے ضلع کے محتلف مقامات پر رضا کارانہ طور سے بچوں کو تعلیم دینا شروع کیا تھا، تاہم ضلع میں مثبت کیسز کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر ضلع میں دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا، جس کی وجہ سے یہ تعلیمی ادارے دوبارہ بند ہوگئے۔