پونچھ (جموں و کشمیر) :سرحدی ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی میں دور دراز اور پہاڑی علاقہ لورن، بٹل کوٹ میں واقع معروف زیارت گاہ حضرت سائیں الہی بخش رحمت اللہ علیہ کا چھیالیسواں عرس پاک انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ دو روز تک جاری رہنے والے عرس پاک میں پونچھ سمیت ملحقہ اضلاع سے تعلق رکھنے والے افراد نے بلالحاظ مذہب و ملت شرکت کی اور زیارات کی نشاندہی اور تبرکات کی تقسیم سے فیضیاب ہوئے۔
اوقاف اسلامیہ پونچھ کی جانب سے حسب سابق رواں برس بھی لنگر سمیت زائرین کے لیے دیگر انتظامات کیے گئے تھے۔ منتظمین نے بتایا کہ عرس پاک کے ذریعے عوام الناس کو امن و امان، بھائی چارے، پیار و محبت کا پیغام دیا جاتا ہے۔ منتظمین نے دعویٰ کیا کہ ضلع پونچھ سمیت جموں، پنجاب اور دہلی سے بھی زائرین نے عرس پاک میں اپنی شرکت کو یقینی بنایا اور زیارت گاہ پر حاضری دیکر ولی کامل کے تئیں اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔