پونچھ (جموں و کشمیر):سرحدی ضلع پونچھ میں شہر کے باہر بہنے والی ایک ندی پر بنے پل ’’شیر کشمیر پل‘‘ پر سے جمعہ کی شام دیر گئے تین لڑکیوں - جو قریبہ رشتہ دار بھی ہیں - نے ندی میں مبینہ طور خودکشی کے ارادے سے چھلانگ لگائی۔ ندی میں کودنے والی دو لڑکیوں کو زندہ بازیاب کر لیا گیا تاہم اس میں ایک لڑکی کی موت واقع ہو گئی۔
ابتدائی معلومات کے مطابق جمعہ کی رات تقریباً گیارہ بجے لڑکیوں کی جانب سے ندی میں چھلانگ لگانے کے فوراً بعد موقع سے 150 میٹر کے فاصلے پر واقع پولیس چوکی پر تعینات اہلکار کو جب اس کا علم ہوا تو اس نے فوری طور پر پونچھ کے تھانہ انچارج اور پولیس کے فلائنگ اسکواڈ کو اطلاع دی۔ پونچھ تھانے سے تھانہ انچارج پولیس ٹیم کے ساتھ ندی پر پہنچے۔ فلائنگ اسکواڈ نے بھی موقع پر پہنچ کر دریا میں ریسکیو کام انجام دیتے ہوئے دو لڑکیوں کو زندہ بازیاب کر لیا۔ جب کہ اس دوران ایک لڑکی کی موت وقع ہو گئی۔