شیوسینا نے پاکستان کا جھنڈا اور پی اے ایف ایف کا پتلا نذر آتش کیا جموں:جموں و کشمیر میں ایل او سی سے متصل پونچھ ضلع کے بھیمبر گلی علاقے میں جمعرات کو ایک فوجی گاڑی پر دہشت گردانہ حملہ کیا گیا۔ اس حملہ میں پانچ بھارتی جوان ہلاک ہو گئے۔ اس حملے کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے شیوسینا (اُدھو بالا صاحب ٹھاکرے) جموں اور کشمیر یونٹ نے جموں میں ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔
احتجاج کے دوران پاکستان کا جھنڈا اور شدت پسند تنظیم جیش محمد / پی اے ایف ایف کے پتلے کو نذر آتش کیا گیا۔ بتا دیں کہ اس حملے کی ذمہ داری پی اے ایف ایف نے لی ہے۔ شیوسینا پارٹی کے ریاستی سربراہ منیش ساہنی کی قیادت میں جموں کے روپ نگر میں پارٹی دفتر کے قریب پارٹی کارکنان جمع ہوئے۔ انہوں نے پاکستان کے خلاف جم کر نعرے لگائے اور اس حملے کا بدلہ لینے کی بات کہی۔
اس موقع پر ساہنی نے کہا کہ پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں تین بار براہ راست جنگ میں شکست ہوئی ہے۔ یہ بھارت کے خلاف سازش کرکے اور دہشت گردی کی سرپرستی کرکے غربت کے دہانے پر پہنچ گیا ہے۔ وہاں اشیائے خوردونوش کی شدید قلت کے ساتھ قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔ پاکستان بین الاقوامی سطح پر بھی 'ڈی فالٹر' ہونے کے دہانے پر کھڑا ہے۔ وہ بھارت کے ساتھ تعلقات بہتر کرنے کی منتیں کر رہا ہے لیکن اس سب کے باوجود وہ کشمیر میں دہشت گردانہ کارروائیاں کرنے سے باز نہیں آ رہا۔
یہ بھی پڑھیں: Militant Attack In Poonch پونچھ میں ہوئے حملے کے خلاف بی جے پی کا احتجاج
ساہنی نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ مرکز کی مودی حکومت پاکستان کے خلاف سخت فوجی کارروائی کرے اور سبق سکھائے اور پاکستان کے ساتھ تمام سیاسی، سفارتی، دوستانہ اور کاروباری تعلقات توڑ دے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بلاول بھٹو کو بھارتی سرزمین پر قدم رکھنے کی اجازت نہ دی جائے۔ اس موقع پر خواتین ونگ کی صدر میناکشی چھیبر، جنرل سکریٹری وکاس بخشی، کامگار ونگ کے صدر راج سنگھ سمیت دیگر افراد موجود تھے۔