پونچھ:جموں وکشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ کے مینڈھر علاقے میں دوران شب ایک کچا مکان اچانک گر آنے کے نتیجے میں 55 سالہ شخص کی موت واقع ہو گئی جب کہ اس واقعے میں متوفی کی اہلیہ اور دو دیگر رشتہ دار زخمی ہو گئے۔ ذرائع نے بتایا کہ ضلع پونچھ کے مینڈھر علاقے کے گرسائی موڑھ گائوں میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب قریب ساڑھے بارہ بجے ریاض حسین شاہ ولد صابر حسین شاہ کا کچا مکان اچانک گر آیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے نتیجے میں مالک مکان ریاض حسین شاہ، اس کی اہلیہ شمیمہ اختر اور 30 سالہ عرفان حیدر اور وظیف حیدر پسران محبوب حسین سعید نامی دو دیگر رشتہ دار زخمی ہو گئے۔ معلوم ہوا ہے کہ زخمیوں کو علاج و معالجے کے لئے سب ضلع ہسپتال سرنکوٹ منتقل کیا گیا جہاں ریاض حسین شاہ زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھا۔ دریں اثنا، پولیس نے واقعے کا نوٹس لے کر کارروائیاں شروع کر دی ہے۔