پونچھ:جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں راجوری حملے کے بعد بند کی کال دی گئی ہے جس میں ٹریفک سمیت تمام دکانیں بند رہیں گی۔ بند کی کال پونچھ ویاپار منڈل نے دی ہے۔ وشو ہندو پریشد، بجرنگ دل اور ضلع سناتن دھرم سبھا پونچھ نے بند کی حمایت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وہیں آج صبح بس اسٹینڈ پونچھ میں پاکستان اور عسکریت پسند تنظیموں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جا رہا ہے اور پاکستان کے خلاف بڑی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ Poonch Bandh after Rajouri attack
واضح رہے کہ راجوری کے ڈونگری علاقہ میں نامعلوم بندوق برداروں نے اتوار کی شام تین رہائشی مکانوں میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کی تھی۔ اس حملے میں چار افراد ہلاک جب کہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔ وہیں پیر کے روز اسی علاقہ میں مشتبہ دھماکہ ہوا تھا۔ یہ دھماکہ گذشتہ کل فائرنگ کے واقعہ کے متاثرین کے گھر کے قریب ہوا۔ اس دھماکہ میں دو کمسن بچے ہلاک جب کہ کئی افراد زخمی ہوئے تھے۔ راجوری میں شہری ہلاکتوں کے خلاف ڈوڈہ، بدرواہ ، ٹھاٹھری اور کشتواڑ میں مکمل ہڑتال سے معمولات زندگی ٹھپ ہو کر رہ گئی۔ سناتھن دھرم سبھا اور مسلم تنظیموں نے منگل کے روز پیر پنچال میں مکمل ہڑتال کی کال دی تھی۔