ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی میں نجی سکول کے متعدد ذمہ داروں نے جامعہ فیض القران قاسمی مارکیٹ منڈی میں ایک ہنگامی میٹنگ کا اہتمام کیا۔
میٹنگ کے شرکا اور مقررین نے نجی اسکولوں کے تعلق سے کئی مسائل اور مشکلات کو اجاگر کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے دو سال سے تمام نجی اسکول بند ہیں اور اس وقت جو اکیڈمی کی فائلوں کا معاملہ ہے اور ڈائریکٹر آفس میں اسکول کی فائل طلب کی جارہی ہیں۔ لیکن اس وقت یہ فائل بناکر جمع کروانا بہت مشکل ہیں، کیوں کہ اس وقت اسکول بند ہونے کی وجہ سے عملہ موجود نہیں ہے۔ اس کے علاوہ نجی سکول کو بہت ساری دیگر مشکلات کا سامنا ہے، جس کو لیکر ایک ایسوسی ایشن تشکیل دینے کے لئے بھی یہ میٹنگ اہم تھی۔
مزید بات کرتے ہوئے پرنسپل ہائی اسکول جامعہ ضیاالعلوم پونچھ نے کہا کہ میٹنگ کے توسط سے حکام بالا سے یہ اپیل کی ہے کہ سرکاری اسکولوں کی طرح نجی اسکولوں کو بھی چھوٹ دی جائے اور فائلوں کے لوازمات میں کمی کی جائے اور فائل میں پانچ سے بڑھا کر کم سے کم دس سال کیا جائے۔