پونچھ (جموں و کشمیر) :سرحدی ضلع پونچھ کے منڈی علاقے میں رمضان المبارک کے متبرک ایام میں بجلی کی غیر اعلانیہ تخفیف عوام کے لیے درد سر بنی ہوئی ہے۔ سحری اور افطار کے اوقات میں بجلی غائب رہنے سے منڈی علاقے کے مختلف دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے انتظامیہ اور محکمہ بجلی کے تئیں سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’رمضان المبارک میں بجلی کی آنکھ مچولی سے لوگ سخت پریشان ہو چکے ہیں۔‘‘
منڈی علاقے کے باشندوں کا کہنا ہے کہ سحری، افطار اور نماز تراویح کے وقت بلا خلل بجلی سپلائی کیے جانے کا وعدہ وفا نہیں ہوا اور ان اہم ترین اوقات میں بھی بجلی تخفیف کی جاتی ہے، جس سے منڈی کے عوام سخت پریشانیوں سے دوچار ہو رہے ہیں۔ مقامی باشندوں نے حکومتی وعدے اور انتظامیہ کے کھوکھلے دعووں کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دیہی علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کو بجلی کی عدم دستیابی خاص طور پر سحری و افطار کے وقت بجلی غائب رہنے سے ناقابل بیان پریشانیوں سے گزرنا پڑتا ہے۔