گزشتہ سنیچر کو ضلع پونچھ کی تحصیل سرنکوٹ گاؤں ہاڑی سے ایک کورونا مثبت کیس سامنے آیا تھا جس کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ نے پونچھ کے اس گاؤں کو ریڈ زون قرار دیا تھا جس کے بعد اب تحصیل منڈی کے پلیرہ چکھڑی اور اڑائی گاؤں کو بفر زون قرار دیا گیا ہے۔
جس کے بعد تینوں گاؤں کی تمام تر چھوٹی بڑی دکانیں بند اور آمدورفت پر مکمل طور پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ یہاں تک کہ سبزی اور دودھ وغیرہ کی دکانوں پر پابندی عائد کردی ہے۔ گاڑی کو بھی چلنے کی اجازت نہیں دی گئی ۔
جموں وکشمیر پولیس کے ساتھ ساتھ پیرا ملٹری فورس کے جوان بھی بفر زون کو جانے والے تمام تر راستوں پر تعینات ہیں۔
اس حوالے سے مقامی لوگوں نے ماہ رمضان المبارک کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ''اس وقت مثبت کیس درج ہوا ہے۔ اس میں مقامی انتظامیہ کی چوک ہے۔ کیوں کہ اس شخص کو بغیر جانچ نمونہ کے چھٹی کیسے کردی گئی اور اب اس ایک شخص کا مثبت ٹیسٹ آیاہے، جو انتظامیہ کی کوتاہی کی وجہ سے ہے لیکن اب اس کی سزا یہاں منڈی تحصیل کے پلیرہ چکھڑی اور اڑائی گاؤں کے معصوم لوگوں کو کیوں دی جارہی ہے۔ جو لوگ اس شخص کے کسی بھی طرح رابطے میں ہیں ان کی نشاندہی کر کے انہیں کورنٹئین کیا جائے۔''