پونچھ:جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا دورہ پونچھ منگل کو متوقع تھا جہاں پہلے ہی تیاریاں کی گئی تھیں، تاہم نامعلوم وجوہات کی بناء پر آج لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا ٹوپا پیر گاؤں، پونچھ کا دورہ نہیں کر سکے۔ یاد رہے کہ ٹوپا پیر گاؤں میں تین عام شہریوں کو مبینہ طور پر فوج نے تفتیش کے دوران ہلاک کیا تھا، اور تب سے وہاں حالات کشیدہ بنے ہوئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ مارے گئے تین عام شہریوں کے اہلخانہ سے ملاقات کریں گے اور انہیں سرکاری نوکریوں کے اپائنٹمنٹ لیٹر بھی دیں گے۔
مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ پونچھ میں فوجی گاڑیوں پر عسکریت پسندوں کے حملے کے بعد پیدا ہوئی صورتحال کا جائزہ لینے 27 دسمبر کو جموں پہنچیں گے۔ وہ صوبہ جموں کے راجوری اور پونچھ اضلاع کا دورہ کریں گے اور زمینی صورتحال کے بارے میں معلومات حاصل کریں گے۔ اس کے ساتھ فوج کی آپریشنل تیاریوں کے بارے میں بھی معلومات حاصل کریں گے۔ عسکری حملہ میں چار فوجی اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔
راجناتھ سنگھ علاقے میں عسکریت پسندوں کی کارروائیوں کے بارے میں معلومات حاصل کریں گے۔ وہ عام شہریوں سے بھی ملاقات کریں گے۔ راج ناتھ سنگھ جموں میں راج بھون میں سیکورٹی جائزہ میٹنگ کی بھی صدارت کریں گے۔