پونچھ (جموں و کشمیر) :سرحدی ضلع پونچھ کے بائلہ، منڈی علاقے میں محکمہ بجلی میں یومیہ اجرت پر کام کر رہا ایک عارضی ملازم بجلی ٹرانسفارمت کی مرمت کے دوران بجلی کرنٹ لگنے سے موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔ فوت ہونے والے عارضی ملازم کی شناخت چیکترو علاقے کے رہائشی 40 سالہ محمد یونس ولد محمد بشیر کے طور پر ہوئی ہے۔ مقامی باشندوں نے احتجاج کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ، محکمہ بجلی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے عارضی ملازم کی ہلاکت کی تحقیقات اور لواحقین کے ساتھ انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔
محمد یونس کے اہل خانہ، مقامی باشندوں نے محکمہ بجلی کے خلاف شدید غصہ کا اظہار کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاجیوں نے کہا کہ محمد یونس نامی عارضی ملازم بجلی کی ترسیلی لائن کی مرمت کر رہا تھا اور اچانک رسیونگ اسٹیشن سے بجلی بحال کی گئی جس کے نتیجے میں محمد یونس کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔ مقامی باشندوں نے کہا کہ یونس کی لاش ٹرانسفارمر پر کافی دیر تک لٹکتی رہی اور متعلقہ محکمہ کا کوئی بھی افسر موقع پر نہیں پہنچا جس کے باعث لوگوں میں کافی ناراضگی پائی جا رہی ہے۔