منڈی(پونچھ):سرحدیضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے دور دراز علاقہ چکھڑی بن میں ریچھ کے حملے میں ایک شخص شدید زخمی ہوگیا ہے۔ زخمی شخص کی شناخت 45 سالہ ولی محمد ولد سلطان ساکنہ چکھڑی بن کے بطور ہوئی ہے۔ زخمی شخص کو مقامی لوگوں کی مدد سے سب ضلع ہسپتال منڈی لایا گیا،جہاں اس کا بنیادی علاج و معالجہ کیا گیا۔
اس حوالے سے ہسپتال کے ڈاکٹر نے کہا کہ ریچھ کے حملہ میں زخمی شخص کو مختلف معمولی چوٹیں آئی تھی جسے بنیادی مرہم پٹی کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ زخمی شخص کی حالت مستحکم ہے، جسے ابتدائی مرہم پٹی کے بعد واپس گھر بھیج دیا جائے گا۔
اس حوالے سے مقامی لوگوں نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منڈی تحصیل کے مختلف علاقوں میں آئے روز جنگلی جانور انسانی جانوں کا زیاں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگلی جانوروں کے حملوں سے علاقہ کے لوگوں اور بالخصوص اسکولی بچوں میں ڈر و خوف کا ماحول پیدا ہوگیا ہے۔