پونچھ: جموں وکشمیر کے پونچھ ضلع کے اعلیٰ پیر علاقے میں کرنٹ لگنے سے چھ افراد زخمی ہوئے جن میں سے بعد میں ایک ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا۔
اطلاعات کے مطابق پونچھ کے اعلیٰ پیر علاقے میں جمعرات کے روز قبر کھودنے کے دوران کچھ افراد نے ٹین اٹھایا جو ترسیلی لائن کو چھو گیا جس وجہ سے چھ افراد شدید طور پر زخمی ہوئے۔ معلوم ہوا ہے کہ زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے ایک کو مردہ قرار دیا۔متوفی کی شناخت محمد اسلم ولد عبدالکریم کے بطور ہوئی ہے۔
مزید پڑھیں:Man Electrocuted شوپیاں میں بجلی کرنٹ لگنے سے ڈرائیور ہلاک
واضح رہے کہ جموں و کشمیر خاص کر وادی کشمیر میں بجلی کرنٹ لگنے سے ہونے والی ہلاکتوں میں کافی اضافہ درج کیا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق زیادہ تر اموات محکمہ بجلی کی غفلت شعاری کے نتیجے میں رونما ہوتی ہے اور اکثر و بیشتر بجلی ترسیلی لائنز یا ٹرانسفارمر کی مرمت کے دوران محکمہ میں یومیہ اجرت پر کام کر رہے عارضی ملازمین کی موت واقع ہو جاتی ہے، علاوہ ازیں رہائشی مکانات یا دکان پر غفلت شعاری کے سبب عام لوگوں کی بھی ہلاکتوں کے واقعات سامنے آتے رہتے ہیں۔